پنجاب حکومت نے صوبے میں فلم سازی کے فروغ اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پنجاب فلم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب فلم ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025 19 دسمبر کو پنجاب اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں پیش کر دیا گیا۔
مجوزہ قانون کے تحت فلم انڈسٹری کے لیے ایک منظم ریگولیٹری اور سہولت کاری فریم ورک قائم کیا جائے گا۔ فلم سازوں کو لائسنس، سہولیات اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ فلم کی تیاری کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔ نئی فلم پالیسی کے تحت قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کرایا جائے گا۔
بل میں خصوصی مراعات شامل کی گئی ہیں جن کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پنجاب کی فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات پنجاب کو فلم سازی کے لیے ایک پرکشش اور مسابقتی مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔