پاکستانی کھلاڑیوں کے اشاروں نے بھارتیوں کی جیت پھیکی کر دی، ماجرا کیا ہے؟

image

ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف کے اشاروں نے بھارتی سیاست دانوں اور عوام کو پریشان کر دیا اور ان کی جیت کا مزہ پھیکا کر دیا۔

اتوار کے میچ میں جب صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل کی تو انہوں نے اپنے بیٹ سے فائر کرنے کا اشارہ کیا جس پر بھارتی میڈیا اور سیاسی حلقوں میں شور مچ گیا۔ دوسری جانب حارث رؤف باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کو یہ یاد دلاتے رہے کہ چار ماہ قبل پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے تھے۔

بھارتی سیاست دانوں اور عوام نے ان اشاروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم پاکستانی شائقین کرکٹ نے شکست کے باوجود دونوں کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے بھارتی تماشائیوں کو بہترین جواب دیا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ 14 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے پہلے ٹاکرے میں بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو نے خود کرکٹ میں سیاست شامل کی تھی۔ انہوں نے پریزنٹیشن سرمنی اور پریس کانفرنس میں پہلگام واقعہ اور پاک بھارت عسکری تناؤ کا ذکر کیا جسے پاکستانی حلقوں نے آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ چند سال قبل بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی نے بھی میچ کے دوران فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا تاہم اس وقت بھارتی میڈیا نے اسے حب الوطنی کا رنگ دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US