کراچی کے علاقے ملیر کالا بورڈ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے کار سوار سینے اور چہرے پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والے شخص کا تعلق شعبہ صحافت سے بتایا جارہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس کو گاڑی سے گولیوں کے دو خول ملے ہیں جبکہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہیں تاکہ ملزمان کی نشاندہی کی جا سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔