پاکستان کے فاسٹ بالر حارث روف پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا تاہم انہیں یہ جرمانہ اپنی جیب سے نہیں بھرنا پڑے گا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ یہ جرمانہ ذاتی حیثیت میں ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کو ہدایت کی ہے کہ جرمانہ ان کی جانب سے جمع کرایا جائے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ حارث روف کا رویہ ایک ردعمل تھا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے حارث روف پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میچ کے دوران تماشائیوں کی طرف دیکھ کر ایسے اشارے کیے جو کھیل کو سیاست سے جوڑتے ہیں اور ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا جنہوں نے پاکستان کے خلاف جیت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات پر بیان بازی کی تھی۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس جرمانے کے خلاف آئی سی سی میں اپیل دائر کر دی ہے۔
ادھر پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان کو آئی سی سی نے صرف تنبیہ کر کے چھوڑ دیا ہے۔پاکستان اور بھارت اتوار کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔