پاکستان کے سابق مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں۔
سعید نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی کو بطور اسپن بالنگ کوچ خود ہی استعفیٰ دیا تھا۔ سعید کا کہنا تھا کہ ان کو ذاتی طور پر یہ لگا کہ کوچز کے ساتھ پی سی بی کا رویہ اور طریقہ کار ٹھیک نہیں، اس لیے انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔
مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ اسپن بالنگ کوچ تھے تو انہیں طریقے سے کام کرنے نہیں دیا جاتا تھا اور کوچ ہوتے ہوئے ان کو پتہ چلتا تھا کہ کسی اور کو اسپن بالنگ کوچ لایا جا رہا ہے وغیرہ وغیرہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ پی سی بی کے ساتھ منسلک ہیں اگر آپ نئے کھلاڑیوں کے لیے کوئی ٹریننگ کیمپ وغیرہ لگانا چاہتے ہیں اور خود سے ٹیلنٹ ہنٹ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی این او سی درکار ہوتی ہے جس سے کام میں خلت پیدا ہوتی ہے۔
سعید اجمل نے خبردار کیا کہ 2019 ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ بہت تبدیل ہوچکی ہے اور پاکستان کو ابھی سے نئے اسپن بالرز اور ایسے بیٹسمین جو اس کو اچھا کھیل سکتا ہے کی تلاش کی تیاری کرنی چاہیے۔