انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں 21 ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد بیٹ اسٹمپس کو مارا، جو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ نتیجتاً انہیں میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا۔
بابر اعظم نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری کی تجویز کردہ سزا قبول کرلی اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے اس میچ سے پہلے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی 20 ویں سنچری بھی اسکور کی تھی۔