پاکستانی شوبز کی دنیا کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ کی مداح کے ساتھ دوستانہ بات چیت کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ یہ ویڈیو خود خاتون مداح نے انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ ایک بھرے ہال کے سامنے فہد مصطفیٰ نے میری تعریف کی۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکا میں منعقد ایک تقریب کے دوران مداح فہد مصطفیٰ سے پاکستان سلیبرٹی کرکٹ لیگ (PCCL) کے بارے میں سوال کر رہی ہیں اور انہیں ’فہد بھائی‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں۔ اداکار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’آپ مجھے بھائی تو نہ کہیں۔‘
اس کے بعد فہد مصطفیٰ نے مداح سے بات کرتے ہوئے پوچھا، ’کیسی ہیں آپ؟ اور آپ کا سوال کیا تھا؟‘ مداح نے اپنا سوال دہرانا شروع کیا تو فہد مصطفیٰ نے دوستانہ انداز میں ان کی تعریف کی اور کہا، ’آپ بات کرتی رہیں، آپ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔‘
مداح نے ان کی تعریف پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے کہ یہ منظر ہر کوئی ریکارڈ کر رہا ہے۔ یہ ویڈیو جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور مداحوں نے اس پر دلچسپ اور مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔
یہ واقعہ شوبز اور مداحوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو دکھاتا ہے اور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مشہور شخصیات کے سادہ اور خوش اخلاق رویے سوشل میڈیا پر کتنی توجہ حاصل کر سکتے ہیں۔