مس یونیورس اسٹیج پر پاکستان کی گونج۔۔۔ روما ریاض نے ایسا کیا کیا؟ تصاویر وائرل

image

مس یونیورس پاکستان روما ریاض نے تھائی لینڈ میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن کے پریلیمنری راؤنڈ میں شرکت کے بعد پاکستانی پرچم اپنے کندھوں پر لپیٹ کر وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی مداحوں کے لیے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

روما ریاض نے انسٹاگرام پر تحریر کیا شکریہ پاکستان، دل کی گہرائیوں سے۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیج سے اُترتے ہی ان کے لبوں سے بے ساختہ دعا نکلی اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کی محبت اور سپورٹ نے انہیں بے حد حوصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ہر روپ میں پاکستان کو ساتھ رکھا۔ ان کا بُرکینی پہننا پاکستانی ثقافت اور اکثریتی مذہب کے لیے خراجِ تحسین تھا جبکہ ان کا نیشنل کاسٹیوم پاکستانی دستکاری اور لاہور کے شیش محل کی روایت کا خوبصورت عکس تھا۔ پریلیمنری راؤنڈ میں پہنا گیا گاؤن پاکستان کی مسیحی اور اقلیتی برادریوں کے وقار کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔

روما ریاض کا کہنا تھا کہ ان کے ملبوسات صرف لباس نہیں بلکہ ایمان، شناخت اور ایک ایسے خواب کی کہانی تھے جس کے ذریعے وہ لاکھوں پاکستانیوں کی نمائندگی کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سفر کمال نہیں بلکہ ہمت کا تھا وہ ہمت جس نے دنیا کو اصل پاکستان دکھایا۔

اپنی رنگت پر حالیہ تنقید کے باوجود روما ریاض نے اس لمحے کو اپنی زندگی کا سب سے فخر کا لمحہ قرار دیا اور پاکستانی عوام کا دل سے شکریہ ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US