بھارت کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں چل بسے۔۔

image

ہندوستانی فلم انڈسٹری نے ایک اور عظیم ستارہ، معمر اداکار دھرمیندر کو الوداع کہا۔ بالی ووڈ کے 'ہی مین' کے نام سے مشہور یہ اداکار 89 برس کی عمر میں ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر چل بسے۔

دھرمیندر کے انتقال کی خبر نے ان کے مداحوں اور اہل خانہ کو شدید صدمے میں ڈال دیا ہے، یہ المناک خبر ان کے 90 ویں یوم پیدائش سے محض چند دن قبل سامنے آئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے طبیعت ناسازی کی وجہ سے عوامی تقریبات میں کم ہی نظر آ رہے تھے۔

پسماندگان میں ان کی پہلی اہلیہ پرکاش کور، بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول، دوسری اہلیہ ہیما مالنی، اور بیٹیاں ایشا دیول اور اہانا دیول شامل ہیں۔ دھرمیندر کی وفات کی اطلاع کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے پہلے سلمان خان، شاہ رخ خان، گووندا، امیشا پٹیل، اور ایشا دیول سمیت کئی فلمی شخصیات بریچ کینڈی ہسپتال میں ان کی عیادت کے لیے پہنچی تھیں۔

دھرمیندر آخری بار 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم "تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا" میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ نظر آئے تھے۔ ان کی آخری آن اسکرین پیشکش سری رام راگھون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم "اکیس" میں ہوگی، جس میں اگستیہ نندا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کی زندگی پر مبنی ایک وار ڈرامہ ہے اور یہ کرسمس پر ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US