بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی محبت اور شادی کی کہانی دیگر فلمی جوڑوں سے بالکل مختلف رہی۔ دونوں نے اپنی شہرت اور تعلقات میں کسی بھی قسم کی افئیرز یا میڈیا ہنگاموں سے دور رہ کر اپنی کامیابی حاصل کی۔
ہیما مالنی کے مطابق ان کی دھرمیندر کے ساتھ دوستی کا آغاز فلم "تم حسین" سے ہوا جہاں دھرمیندر کی اسمارٹنس اور رویے نے ہیما کو بہت متاثر کیا۔ تاہم ہیما نے واضح کیا کہ کسی کی شخصیت سے متاثر ہونا لازماً شادی کی خواہش نہیں ہوتا کیونکہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے دو بچے بھی تھے۔
ہیما مالنی نے اعتراف کیا کہ ان کی خواہش تھی کہ ان کی شادی ایک ایسے مرد سے ہو جو دھرمیندر جیسا ہو۔ دھرمیندر اور ہیما کی بڑھتی ہوئی دوستی ہیما کے والدین کے لیے تشویش کا باعث بنی کیونکہ وہ اپنی بیٹی کو ایک کامیاب ہیروئن کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے۔
فلم بینوں نے دونوں کی جوڑی کو بہت پسند کیا اور فلم "شعلہ" کی مقبولیت کے بعد کئی فلموں میں دونوں کو ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا۔ اس دوران ہیما کے والد ہمیشہ ان کے ساتھ موجود رہتے تھے تاکہ کسی بھی موقع پر ان کی حفاظت ہو۔
ہیما مالنی نے بتایا کہ انہوں نے دھرمیندر کو فون کر کے پوچھا کہ کیا وہ ابھی شادی کر سکتے ہیں جس پر دھرمیندر نے فوراً حامی بھر دی۔
تاہم، دونوں کو سماجی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندو مذہب میں دو شادیاں ممکن نہیں تھیں اور دھرمیندر اپنی پہلی بیوی اور بچوں کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے جبکہ ہیما بھی اس کی خواہشمند نہیں تھیں۔ اس مشکل کا حل نکالنے کے لیے دونوں نے اپنا مذہب بدل کر اسلام قبول کیا اور اسلامی طریقے سے نکاح کر لیا تاکہ دھرمیندر ہیما مالنی کے ساتھ شادی کر سکیں۔