بھارتی فضائیہ کے وِنگ کمانڈر نمنش سیال کے جسدِ خاکی کو اتوار کے روز ان کے آبائی گاؤں، ریاست ہماچل پردیش میں لایا گیا جہاں ان کی اہلیہ وِنگ کمانڈر افشاں، جو خود بھی بھارتی فضائیہ میں افسر ہیں، نے اپنے شوہر اور ساتھی افسر کو بھرپور جذبات کے ساتھ آخری سلام پیش کیا۔ ونگ کمانڈر نمنش سیال اکیس نومبر کو اس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب دبئی میں منعقدہ ایک ایونٹ کے دوران ان کا تیجس لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے مارک 1) پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
چونتیس سالہ پائلٹ کا تعلق کانگڑہ ضلع سے تھا اور وہ اپنی اہلیہ، چھ سالہ بیٹی اور والدین کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وِنگ کمانڈر افشاں نم آنکھوں کے ساتھ اپنے شوہر کے تابوت کے پاس کھڑی انہیں عقیدت پیش کررہی تھیں۔ انہوں نے فوجی روایت کے مطابق انہیں سلامی بھی دی، جس کے ذریعے انہوں نے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ ساتھ ایک ساتھی افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وِنگ کمانڈر نمنش سیال کو ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے جب ان کے گاؤں لایا گیا تو بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں نے انہیں گن سلوٹ بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر افشاں سیال مسلمان ہیں اور شادی سے پہلے ان کا نام افشاں اختر تھا، وہ بھارتی ایئر فورس کی ونگ کمانڈر ہیں. افشاں اور نمنش کی شادی انٹرفیتھ ایکٹ کے تحت ہوئی تھی جو انڈیا میں قانونی اور معاشرتی طور پر ممکن ہے۔