بالی وڈ اداکار بوبی دیول نے اپنی ذاتی زندگی اور خاندان کے تعلقات کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔ بوبی دیول کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا جب وہ فلمی دنیا میں اپنے لیڈ رول اور اداکاری کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز تھے۔ والد دھرمیندر اور بھائی سنی دیول کے ساتھ بھی بوبی کئی فلموں میں نظر آئے۔
بوبی دیول نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے آریامن اور دھرم اپنے کیرئیر پر توجہ دیں اس لیے وہ انہیں بھرپور وقت دے رہے ہیں۔ اداکار نے بتایا کہ بچپن میں والد دھرمیندر کے مصروف شیڈول کی وجہ سے ان کے درمیان دوریاں پیدا ہو گئیں اور اسی خوف سے وہ اپنے بچوں کے ساتھ بھی وقت پر زیادہ توجہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ بھی مستقبل میں والد کے ساتھ دوری کا شکار نہ ہوں۔یہی وجہ ہے کہ بوبی کا خیال ہے کہ کہیں ان کے اور ان کے بیٹوں آریامن اور دھرم کے درمیان بھی یہ صورتحال پیدا نہ ہو جائے۔ اداکار نے مزید بتایا کہ بچپن میں والد مجھ سے کہا کرتے تھے کہ میرے ساتھ بیٹھو مجھے اپنا حال احوال بتاؤ، مگر مجھے ڈر لگتا تھا اور چُپ رہتا۔
دوسری جانب ایک وقت ایسا بھی تھا جب دھرمیندر نے پہلی اہلیہ یعنی بوبی دیول کی والدہ کو چھوڑکر دوسری شادی کر لی تھی، دوسری شادی کے لیے دھرمیندر نے اداکارہ ہیما مالنی کا انتخاب کیا تھا یہ خبر سن کر بیٹے بھی والدہ کی وجہ سے پریشان ہو گئے تھے اور دونوں بیٹے خود والد سے دور ہوتے جا رہے تھے۔
چونکہ ہندو مذہب کے تحت دھرمیندر کی دوسری شادی ممکن نہیں تھی اس لیے والد اور ہیما مالنی نے اسلام قبول کر کے نکاح کر لیا جس کا اثر بچوں پر بھی ہوا۔ تاہم دھرمیندر نے پہلی اہلیہ اور بچوں کو اطمینان دلایا جس سے غلط فہمیاں دور ہو گئیں۔