بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار دھرمیندر پیر کے روز 24 نومبر 2025 کو ممبئی میں اپنے گھر پر انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 89 سال تھی۔
دھرمیندر کو 31 اکتوبر کو طبیعت بگڑنے کی وجہ سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ عمر بڑھنے کے باعث کئی پیچیدگیوں اور سانس کی تکلیف کا سامنا کر رہے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول مبینہ طور پر چاہتے ہیں کہ ہیمامالنی، ایشا دیول اور آہانہ دیول کو دھرمیندر کی تقریباً 400 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد سے دور رکھا جائے۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق خاندان کے ایک قریبی دوست نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد اور افسوس ناک قرار دے کر مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دعوے بالکل غلط ہیں اور خاندان میں وراثت کو لے کر کوئی جھگڑا موجود نہیں ہے۔
خاندانی دوست نے مزید بتایا کہ خاندان کے تمام افراد مالی طور پر مستحکم ہیں، اور اگرچہ ایشا اور آہانہ اپنی والدہ کی وجہ سے قانونی طور پر کچھ حقوق نہیں رکھتیں، لیکن سنی دیول کبھی نہیں چاہتے کہ وہ خاندان سے دور ہوں۔
دوست کے مطابق سنی دیول اس وقت شدید صدمے میں ہیں لیکن ایشا اور آہانہ آج بھی دیول فیملی کا اتنا ہی اہم حصہ ہیں جتنا دھرمیندر خود چاہتے تھے۔
27 نومبر کو سنی دیول اور بوبی دیول نے باندرہ کے تاج لینڈز اینڈ میں اپنے والد کے لیے دعا کا اہتمام کیا، جبکہ ہیمامالنی اور ان کی بیٹیوں نے اپنی رہائش گاہ پر علیحدہ دعائیہ تقریب رکھی۔
لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال نے پورے بالی ووڈ اور ان کے مداحوں کو سوگوار کردیا ہے، اور دیول خاندان اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہے۔