نیشنل گیمز میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

image

کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز کے جیولن تھرو مقابلے میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 81.81 میٹر تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ پاکستان واپڈا کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم نے اپنے قریبی حریفوں پر واضح سبقت حاصل کی۔

سلور میڈل واپڈا کے یاسر سلطان نے 70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ جیتا، جبکہ پاک آرمی کے محمد ابرار نے 67.68 میٹر کی تھرو کر کے برانز میڈل حاصل کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز نوجوان ایتھلیٹس کے لیے اہم ایونٹ ہے اور انہی گیمز سے مستقبل کے لیے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انجری سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور اگلے اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ارشد ندیم نے گزشتہ برس کوئٹہ نیشنل گیمز میں 78.02 میٹر تھرو کر کے گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ حال ہی میں ریاض میں منعقدہ اسلامک گیمز میں بھی 83.05 میٹر تھرو کر کے سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں۔

جیولن تھرو کے پہلے مرحلے میں 16 ایتھلیٹس نے حصہ لیا جن میں سے 8 نے فائنل مرحلے میں جگہ بنائی۔ ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 78.4 میٹر، دوسری تھرو میں 77.77 میٹر اور تیسری تھرو میں 81.81 میٹر دور نیزہ پھینک کر اپنے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US