بھارتی فلم دھریندر کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اداکاروں کے خلاف عدالت میں درخواست

image

بھارتی فلم دھریندر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پرچم اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصاویر کے غیر مجاز استعمال پر مقدمہ اندراج کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں پی پی کارکن عامر کھوسو نے فلم پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اداکاروں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ کے لیے درخواست دائر کردی۔

درخواست گزار کے مطابق سوشل میڈیا پر بھارتی فلم کا ٹریلر دیکھا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلیوں، پارٹی پرچم اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصاویر بلا اجازت شامل کیے گئے۔

ٹریلر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت کرنے والی جماعت کے طور پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے، فلم کی تشہیری مہم میں لیاری کو دہشتگرد زون کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

لیاری کے رہائشیوں کے خلاف بے بنیاد اور اشتعال انگیز تاثر دیا گیا ہے، فلم کا ٹریلر پی پی قیادت اور کارکنان کے خلاف اشتعال پھیلانے کا سبب بن رہا ہے، مقدمہ اندراج کے لیے درخواست دی لیکن پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکاری ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے اور متعلقہ ایس ایس پی کو شفاف تحقیقات کی نگرانی کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں بھارتی فلم پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اداکار سنجے دت، رنویر سنگھ اور اکشر کھنہ سمیت دیگر اداکاروں کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US