میں نے غلط لفظ استعمال کیا۔۔۔بہو سے متعلق بیان پر صبا فیصل نے معذرت کر لی

image

معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنے وائرل بیانات پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بات کو غلط انداز میں سمجھا گیا جبکہ کچھ مقامات پر انہوں نے مناسب الفاظ کا انتخاب نہیں کیا جس پر وہ وضاحت اور معذرت کرنا چاہتی ہیں۔

صبا فیصل نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے مارننگ شو میں دیے گئے اپنے بیانات کی وضاحت کی۔ ان بیانات پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث دیکھنے میں آئی تھی۔

اپنی ویڈیو میں صبا فیصل نے کہا کہ وہ دو نکات پر بات کرنا چاہتی ہیں، ایک گونگا بہرا والی بات اور دوسرا بہو کے لباس سے متعلق بیان۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب انہوں نے کہا تھا کہ نئی نویلی دلہن کو گونگا اور بہرا ہونا چاہیے، تو ان کی اصل مراد درگزر اور برداشت تھی۔ ان کے مطابق وہ دراصل معاف کرنے کی بات کرنا چاہتی تھیں تاہم انہوں نے غلط لفظ استعمال کیا۔

صبا فیصل کا کہنا تھا کہ یہ بات صرف بہو پر لاگو نہیں ہوتی بلکہ سسرال کے دیگر افراد پر بھی یکساں طور پر لاگو ہونی چاہیے۔ اگر دونوں فریق درگزر سے کام لیں تو معاملات خود بخود آسان ہو جاتے ہیں۔

بہو کے لباس سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ انہوں نے یہ بات اس تناظر میں کی تھی کہ بعض ساسیں بہو کو کپڑوں کے لیے پیسے دے دیتی ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے خریداری کرے لیکن ذاتی طور پر وہ یہ پسند کرتی ہیں کہ بہو کے ساتھ خود شاپنگ کریں تاکہ وہ خاندان کی اقدار اور انداز کی نمائندگی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر لڑکی ایک مختلف پس منظر سے آتی ہے اس کا رہن سہن اور طرزِ زندگی مختلف ہو سکتا ہے اور ہر عورت یہ چاہتی ہے کہ اس کی بہو میں اس کے خاندان کی جھلک نظر آئے۔ تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ بہو پر زبردستی کی جائے۔

صبا فیصل نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں کیونکہ وہ اپنے مداحوں کو اپنے خاندان کی طرح سمجھتی ہیں اور اسی لیے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US