ایس پی شہربانو نقوی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔ اس بار وجہ ایک پوڈکاسٹ کے دوران پیش آنے والا وہ لمحہ ہے جس میں انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کو ہر چیز پر ترجیح دیتے ہوئے فوراً ایک سنگین کیس نمٹایا۔
چند برس قبل شہربانو نقوی اُس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب انہوں نے لاہور میں ایک خاتون کو شدت پسند ہجوم کے تشدد سے بروقت بچایا تھا۔ خاتون کو اردو خطاطی والی شرٹ پہننے پر نشانہ بنایا جا رہا تھا تاہم ایس پی شہربانو نقوی کی فوری مداخلت نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا جس پر انہیں ملک بھر میں خوب سراہا گیا۔
حال ہی میں وہ ایک پوڈکاسٹ میں شریک تھیں کہ دورانِ گفتگو انہیں ایس ایچ او کی جانب سے فون کال موصول ہوئی جس میں ایک قتل کے کیس سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پولیس افسر نے بغیر کسی تاخیر کے پوڈکاسٹ چھوڑا کیس سے نمٹا اور پھر واپس آ کر انٹرویو دوبارہ شروع کر دیا۔ ان کا یہ اندازِ فرض شناسی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
وائرل ہونے کے ساتھ ہی اس لمحے پر میمز اور طنزیہ ویڈیوز کی بھرمار ہو گئی۔ ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن دیا کہ دھریندر کا سیکوئل ریلیز ہوگیا ہے دوستو۔ معروف سوشل میڈیا کریئیٹر یاسر شامی نے بھی پوڈکاسٹ کے اس منظر کی مزاحیہ ریکریئیشن بنائی جس میں قتل کے منظر کو طنزیہ انداز میں پیش کیا گیا ویڈیو کو صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی۔
دوسری جانب کئی صارفین نے اس واقعے پر تنقید بھی کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ ہیں ہماری جنریشن زی پولیس افسران، جبکہ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ ان دونوں میں سب سے بہترین اداکاری مائیک نے کی۔ کسی نے طنزاً یہ بھی کہا کہ قتل کا کیس ایک گھنٹے میں حل ہوگیا۔