پاکستان انڈر 19 ٹیم نے تین ملکی ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان انڈر 19 کو 133 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔ سمیر منہاس نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز کی نصف سنچری اسکور کی، جبکہ عثمان خان نے 43 اور علی حسن بلوچ نے 39 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے سلمان خان احمد زئی اور زیت اللہ شاہین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں افغانستان انڈر 19 کی ٹیم 30.2 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان محبوب خان 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر عمر زیب نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مومن قمر اور احمد حسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جو 6 جنوری کو زمبابوے انڈر 19 کے خلاف کھیلا جائے گا۔