پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہو۔ انہوں نے نیشنل سٹیڈیم میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں 36 خواتین کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ جاری ہے۔
کیمپ کی نگرانی سابق فاسٹ بالر وہاب ریاض کر رہے ہیں، جن کے ساتھ قومی سلیکٹر اسد شفیق، کوچز عبدالرحمن اور عمران فرحت، اور مینیجر عائشہ جلیل بھی موجود ہیں۔ چیئرمین نے کھلاڑیوں کو بہترین کوچنگ اور سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ انہیں صرف محنت اور میچ کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم آخری پوزیشن پر رہی تھی، جس کے بعد ہیڈ کوچ محمد وسیم کا کنٹریکٹ ختم کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کو جلد ہی ٹیم کے ہینڈز آن کوچ کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔