اپوزیشن لیڈر تقرری معاملہ، اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے پر پی ٹی آئی میں اختلافات

image

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے اپوزیشن اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے متعدد اراکین نے ان سے رابطہ کر کے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر قبول نہیں کرتے۔ ایاز صادق کے مطابق ایسی صورتحال میں اپوزیشن اراکین کے دستخطوں کی تصدیق ضروری ہو گئی ہے۔

ایاز صادق نے واضح کیا کہ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور آئندہ اجلاس میں اس تقرری کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے انہیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں اور وزیراعظم نے اس معاملے میں انہیں مکمل اختیار دے رکھا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن کے اندرونی اختلافات کے باعث اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے، تاہم اسپیکر کے فیصلے کے بعد صورتحال واضح ہونے کا امکان ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مذاکرات شروع کرنے کیلیے تاحال رابطہ نہیں کیا، مذاکرات میں میرا کردار صرف سہولت کار کا ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل آئندہ پارلیمانی اجلاس میں شروع کیا جائے گا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ ایوان میں اپنے کردار میں مکمل طور پر خودمختار ہیں، کمیٹی نظام آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق چیف وہپ کو اب تک چار خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں، چوتھے خط کے جواب میں اپوزیشن نے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی جمع کروائی، آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا آئینی عمل شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کے دستخطوں کی جانچ اور تصدیق کے بعد کارروائی آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک مدبر، دور اندیش اور زیرک سیاسی رہنما ہیں۔ وزیر اعظم سے تمام آئینی اور قانونی معاملات میں راہنمائی لیتا رہوں گا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر نے اسپیکر کو اپوزیشن لیڈر سے متعلق عدالتی دستاویزات اور ہائیکورٹ سے کیس واپس لینے کی تصدیق شدہ کاپی بھی فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے قائد حزب اختلاف کی فوری تعیناتی کا مطالبہ بھی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US