پاکستان کے مالیاتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حوصلہ افزا آغاز

image

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سرمایہ دوست اور دور اندیش ڈیجیٹل اصلاحاتی حکمتِ عملی کے نتیجے میں سال 2026 کے آغاز پر پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ایک بڑی اور اعتماد بخش غیر ملکی سرمایہ کاری سامنے آئی ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

عالمی ڈیجیٹل آپریٹر وی اون گروپ (VEON Group) نے پاکستان کے معروف ڈیجیٹل بینک موبی لنک بینک میں 20 ملین امریکی ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری جنوری 2025 میں کی گئی 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تسلسل ہے، جو موبی لنک بینک کی مسلسل ترقی اور پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی ایکو سسٹم پر عالمی اعتماد کی عکاس ہے۔

موبی لنک بینک، وی اون گروپ کا ذیلی ادارہ ہے، جو دنیا بھر میں 150 ملین کنیکٹیویٹی صارفین اور 140 ملین ماہانہ ڈیجیٹل صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ اس تازہ سرمایہ کاری کا بنیادی مقصد موبی لنک بینک کے ایم ایس ایم ای فنانسنگ پورٹ فولیو اور ڈیجیٹل اسلامی بینکاری کے شعبے کو مزید فروغ دینا ہے۔

یہ اقدام موبی لنک بینک کو ایک جدید، ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل نیٹو بینک کے طور پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سرمایہ کاری کے ذریعے خواتین، چھوٹے کاروباروں اور کم سہولت یافتہ طبقات کو ریگولیٹڈ مالی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔

وی اون گروپ کے مطابق یہ سرمایہ کاری اعلیٰ اثر رکھنے والے ڈیجیٹل مالیاتی ایکو سسٹمز کو مضبوط بنانے کی اس کی عالمی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ موبی لنک بینک اور جازکیش پر مشتمل مربوط ڈیجیٹل مالیاتی نظام پاکستان کے فِن ٹیک اور مالی شمولیت کے ایجنڈے کو نئی رفتار دے رہا ہے۔

وی اون گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور چیئرمین موبی لنک بینک عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ وی اون کی جانب سے مسلسل سرمایہ کاری پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں جاری ساختی تبدیلیوں پر طویل المدتی اعتماد کی واضح علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ سرمایہ کاری موبی لنک بینک اور جازکیش کے ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کو مزید تقویت دے گی۔

سال 2026 کی یہ پہلی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) پاکستان کی معاشی بحالی، اصلاحاتی پیش رفت اور ترقیاتی سمت پر عالمی اعتماد کی مضبوط توثیق قرار دی جا رہی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون اور سرمایہ دوست ماحول کے باعث پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل بینکاری اور فِن ٹیک سرمایہ کاری کا ایک پُرکشش مرکز بنتا جا رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی بصیرت افروز رہنمائی میں پاکستان 2026 میں سرمایہ کاری، عالمی اعتماد اور پائیدار ترقی کے ایک نئے سنہرے دور میں داخل ہو چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US