قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بنگلادیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کرکٹ ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ بلکل درست اور جواز بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی انڈین کرکٹ کونسل نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی سی سی بنگلادیش کے میچز کسی دوسرے مقام پر منتقل کرے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کرکٹ کے فروغ کے خواہاں ہیں، لیکن انہیں بھارت کی جانب سے مناسب حمایت نہ ملنے کے باعث صورتحال مشکل ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو اب اس معاملے پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کے مطالبے پر بنگلادیشی کھلاڑی کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں بھیجے گا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی اپنے تمام میچز دوسرے مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم اب تک اس متعلق آئی سی سی کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت نہیں جائے گی اور وہ اپنے تمام میچز میزبان ملک سری لنکا میں کھیلے گی۔