سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مسائلِ کم ترقی یافتہ علاقہ جات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کنوینر سینیٹر دنیش کمار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ETPB) سے متعلق امور، بشمول آمدن کی وصولی، اخراجات کا طریقہ کار، پالیسیز اور اثاثہ جات کی تفصیلات کا جائزہ لینا تھا۔
کمیٹی نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور کی عدم شرکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ احتجاجاً کمیٹی نے ایجنڈا موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔ کنوینر سینیٹر دنیش کمار اور رکن سینیٹر ندیم بھٹو نے کہا کہ متعلقہ وزراء کی غیر موجودگی میں بامعنی بحث اور فیصلے ممکن نہیں۔ یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ وزراء گزشتہ اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔
کنوینر نے کہا کہ ایجنڈا بطور احتجاج موخر کیا جا رہا ہے اور اگر آئندہ اجلاس میں بھی متعلقہ حکام شریک نہ ہوئے تو معاملہ چیئرمین سینیٹ کے سامنے اٹھایا جائے گا اور مراعات کمیٹی کو بھی ریفر کیا جائے گا۔
کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ETPB کی صوبہ وار جائیدادوں، آمدن اور اخراجات کی مکمل تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس سے قبل کم از کم 48 گھنٹے پہلے ورکنگ پیپرز فراہم نہ کیے جانے پر بھی سخت نوٹس لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو آئندہ بروقت دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور نے آگاہ کیا کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حالیہ سرجری کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔
اجلاس کے اختتام پر ایجنڈا باضابطہ طور پر موخر کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ تمام زیر التواء معاملات آئندہ اجلاس میں تفصیلی غور کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ اجلاس میں سینیٹر ندیم بھٹو، سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور اور متعلقہ افسران شریک ہوئے، جبکہ چیئرمین ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ نے آن لائن شرکت کی۔