کسٹمز انفورسمنٹ کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ گاڑیاں اور سامان ضبط

image

کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر رات گئے کیے گئے متعدد کارروائیوں میں اسمگل شدہ اور نان ڈیوٹی پیڈ اشیاء کی بڑی مقدار ضبط کرلی ہے۔ اس کارروائی میں لگژری گاڑیاں، ہیوی بائیکس اور الیکٹرانکس شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 41 کروڑ 22 لاکھ روپے تخمینہ لگائی گئی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق، اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی سامان کی نقل و حرکت اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر یہ کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران رولز رائس لگژری کار، سوزوکی اور کاواساکی کی 19 ہیوی بائیکس، لیپ ٹاپس اور دیگر الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔ مزید تفتیش سے یہ تصدیق ہوئی کہ یہ تمام اشیاء نان ڈیوٹی پیڈ تھیں اور کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں لائی گئی تھیں۔

ضبط شدہ سامان کو کسٹمز گودام منتقل کیا گیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تحقیقات کا مقصد اسمگلنگ کے وسیع نیٹ ورک کو بے نقاب کرنا اور قومی معیشت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسمگلنگ کے خلاف موثر کارروائی، غیر قانونی تجارت کے سدباب اور قومی محصولات کے تحفظ کے لیے مسلسل نگرانی اور سخت اقدامات جاری رکھنے کا عزم دوبارہ دہرایا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US