بگ بیش لیگ: اسٹیو اسمتھ کی دھواں دار سنچری، بابر اعظم کو تیز بیٹنگ میں پیچھے چھوڑ دیا

image

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم کو تیز بیٹنگ میں پیچھے چھوڑ دیا۔ اسٹیو اسمتھ نے سڈنی سکسرز کی جانب سے صرف 41 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی اور ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسٹیو اسمتھ اور بابر اعظم نے 12.1 اوورز میں 141 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، تاہم اس دوران اسمتھ کی جارحانہ بیٹنگ نمایاں رہی۔ اسمتھ نے اپنی نصف سنچری محض 21 گیندوں پر مکمل کی اور پھر برق رفتاری سے 100 رنز کا سنگِ میل عبور کیا۔

میچ کے دوران اسٹیو اسمتھ نے فاسٹ بالر رین ہیڈلی کے ایک اوور میں لگاتار چار چھکے اور ایک چوکا لگا کر 32 رنز بٹورے، جو بگ بیش لیگ کی تاریخ میں کسی ایک اوور میں دیے گئے سب سے زیادہ رنز میں شامل ہے۔ اسمتھ کی اننگز میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے اور انہوں نے 101 رنز اسکور کیے۔

دوسری جانب بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 47 رنز بنائے جن میں 7 چوکے شامل تھے، تاہم ایک مرحلے پر وہ پانچ گیندیں کھیل کر صرف ایک رن بنا سکے۔

میچ میں سڈنی تھنڈرز کو شاداب خان کی کمی بھی شدت سے محسوس ہوئی، جو بگ بیش لیگ کا معاہدہ ختم کر کے پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے جوائن کر چکے ہیں۔

سڈنی تھنڈرز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 65 گیندوں پر 110 رنز بنائے، جن میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، تاہم ان کی یہ اننگز ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ سڈنی سکسرز نے 5 وکٹوں سے میچ اپنے نام کر لیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US