انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا وفد اگلے دو تین دنوں میں ڈھاکا پہنچے گا جہاں پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے عہدے داران سے ان کی اہم میٹنگ ہونی ہے جس میں یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ آیا بنگلا دیش اپنی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت بھیجے گا یا نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی کو درخواست کی ہے کہ وہ بنگلا دیش کی اپنے میچز کو بھارت سے سری لنکا کرانے کے مطالبے پر غور کریں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی آئی سی سی کو اشارہ دے چکا ہے کہ اگر وہ چاہے تو بنگلا دیش کے ورلڈ کپ کے سارے میچز پاکستان میں کرا سکتے ہیں اور پی سی بی ان کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی کا وفد ڈھاکا میں بنگلہ دیش بورڈ کو اس چیز پر راضی کرنے کے لیے آخری کوشش کرے گا کہ وہ بھارت میں ہی اپنے میچز کھیلے اور ان کے کھلاڑیوں کو اور آفیشلز کو اچھی سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی اس بات پر بھی تیار ہے کہ اگر بنگلا دیش بورڈ راضی نہیں ہوتا تو پھر ہونے والی میٹنگ میں یہ طے ہوگا کہ سری لنکا میں کب اور کہاں بنگلا دیش کے میچز کرائے جاسکتے ہیں کیونکہ ورلڈ کپ کے پروگرام کے کا اعلان ہوچکا ہے جس میں بنگلا دیش نے اپنے چار میچز بھارت میں کھیلنے ہیں، تین کلکتہ اور ایک ممبئی میں۔
دوسری طرف بنگلا دیش بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان جو تنازعہ کھڑا ہوا تھا وہ حل کرلیا گیا ہے اور آج ڈھاکا پریمیئر لیگ اور بنگلا دیش پی لیگ کے مابین میچز ہو رہے ہیں۔