بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کو بھارت میں انڈیا اوپن انٹرنیشنل چیمپین شپ کرانا مہنگا پڑ گیا ہے، کیونکہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے مقام اور اور دہلی میں فضائی آلودگی پر اعتراضات اٹھا دیے۔
دہلی کے اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں جاری انڈین اوپن بیڈمنٹن میں دنیا کے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں سے بیشتر نے ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن کے بھارت میں میچز کرانے پر اعتراضات اٹھا دیے۔ کچھ کھلاڑیوں نے شکایت کی ہے کہ کمپلیکس کے اندر حفظان صحت کے معاملات ٹھیک نہیں جبکہ شہر میں فضائی آلودگی ان کے لیے خطرناک ہے۔
اعتراضات مزید بڑھ گئے جب ایک مین سنگلز میچ کے دوران پرندے کی بیٹ گرنے سے میچ کو روکنا پڑا۔
یاد رہے کہ بھارت اولمپک ایسوسی ایشن نے 2030 میں کامن ویلتھ گیمز کرانے ہیں اور اولمپکس کرانے کا بھی خواہش مند ہے۔ ٹورنامنٹ سے پہلے ہی ڈنمارک کے ایک نامور کھلاڑی اینڈریس انٹونسن نے اپنا نام واپس لے لیا تھا کیونکہ وہ دہلی کے ایئر کوالٹی سے مطمئن نہیں تھے اس کے نتیجے میں ان پر ورلڈ فیڈریشن نے چھ ہزار ڈالر کا فائن کیا۔