رحیم یار خان: کچے کے 62 مطلوب ڈاکو پولیس کے سامنے سرینڈر

image

پنجاب اور سندھ پولیس کے مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران رحیم یار خان کے کچے میں انتہائی مطلوب 62 ڈاکوؤں نے خود کو قانون کے حوالے کردیا جبکہ 50 سے زائد سہولت کار بھی گرفتار کرلیے گئے۔

پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کی مدد سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کا محاصرہ کیا گیا، جس کے بعد ڈاکو ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوئے۔ ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والے انتہائی مطلوب ڈاکو وہاب لونڈ اور میرا لٹھانی نے بھی سرینڈر کیا۔ لونڈ گینگ، کوش گینگ، لٹھانی گینگ اور سیکھانی گینگ کے دیگر افراد بھی قانون کے سامنے پیش ہوئے۔

ڈی آئی جی غازی صلاح الدین کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، 8 ڈرون ٹیمیں اور درجنوں بکتر بند گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔

سرینڈر کرنے والے ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا، ان سے کوئی مقابلہ نہیں کیا جائے گا، تاہم ریاست کا مقابلہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں مکمل حکومتی رٹ قائم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US