طارق رحمان کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو ڈھاکا میں منعقد ہوگی جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شہباز شریف بیرون ملک مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے تاہم وہ جلد بنگلادیش کا دورہ کریں گے اور نومنتخب وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کریں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے چین، سعودی عرب، بھارت، ترکیے، متحدہ عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی) نے حالیہ عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کے سرکاری نتائج کے مطابق 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بی این پی نے 209 نشستیں جیتیں، جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔
مزید برآں طلبہ کی جماعت نیشنل سٹیزنز پارٹی (این سی پی) نے 6 نشستیں حاصل کیں جس کے بعد ملک میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔