چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے یو اے ای کے نائب حکمران اور مشیر قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان نے ابو ظبی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون، خصوصاً معیشت، سرمایہ کاری اور سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور مضبوط تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہے۔ انہوں نے اماراتی قیادت کے پاکستان میں معاشی و سماجی ترقی کے فروغ میں کردار کو بھی سراہا۔