نوشہرو فیروز میں قومی شاہراہ پر نانگوشاہ اسٹاپ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کار سوار 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد کی نعشیں مورو اسپتال منتقل کردی گئیں۔ جن کی شناخت ندیم، غلام سولنگی، عبدالحکیم، حاجی خان، بخشل، سہراب اور منظور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جن کا تعلق سولنگی برادری سے بتایا جاتا ہے جو نصیرآباد کے رہائشی تھے۔
پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر نانگوشاہ اسٹاپ کے قریب تیز رفتار کار اور ٹریلر کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار سوار تمام چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی کار لاڑکانہ سے کراچی کی جانب جا رہی تھی جو مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ نعشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مورو اور بعد ازاں نوشہرو فیروز اسپتال منتقل کیا گیا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری مرمتی کام کے باعث سڑک کی حالت خراب ہے اور حادثات معمول بن چکے ہیں۔ دو روز قبل بھی کوٹری کبیر کے تین بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ رواں ماہ مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تقریباً 25 تک پہنچ چکی ہے۔