کامیاب خارجہ پالیسی سے پاکستان کو غزہ بورڈ آف پیس میں پذیرائی حاصل ہوئی، عطا تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے نتیجے میں غزہ بورڈ آف پیس میں ملک کو نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔

اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ ماضی میں پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا تاہم اب ملک اہم عالمی معاملات میں مؤثر اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی موجودگی اور موقف کو بھرپور سراہا گیا جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت مزید واضح ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایماندار اور مخلص قیادت کی بدولت پاکستان کا مؤقف مضبوط ہوا ہے اور وزیراعظم نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کی بھرپور حمایت کی ہے۔

ادھر واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینیوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے حقوق دینے ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام فلسطینی عوام کا بنیادی حق ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے غزہ میں سیزفائر کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ لازم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US