غربت کی شرح 28.9 فیصد تک پہنچ گئی، 7 برس میں 7 فیصد اضافہ

image

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں قومی سطح پر غربت کی شرح گزشتہ سات برس میں 7 فیصد اضافے کے بعد 28.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

احسن اقبال نے "اُڑان پاکستان" منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت میں اضافے کی بڑی وجوہات میں پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونا، عالمی وبا کورونا، اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سخت پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی معاشی ایجنڈے پر مستقل اور منظم عملدرآمد کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں غربت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ شہری علاقوں میں غربت کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 17.4 فیصد ہوگئی جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 28.2 فیصد سے بڑھ کر 36.2 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی نے مہنگائی میں اضافہ کیا، جس کے باعث عام شہری کی قوت خرید شدید متاثر ہوئی۔

صوبائی سطح پر بھی غربت میں اضافہ دیکھا گیا۔

بلوچستان میں غربت کی شرح 41.8 فیصد سے بڑھ کر 47 فیصد ہوگئی، جو سب سے زیادہ ہے۔

خیبرپختونخوا میں یہ شرح 28.7 فیصد سے بڑھ کر 35.3 فیصد تک پہنچ گئی۔

سندھ میں غربت 24.5 فیصد سے بڑھ کر 32.6 فیصد ہو گئی۔

پنجاب میں غربت کی شرح 16.5 فیصد سے بڑھ کر 23.3 فیصد ہو گئی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ "اُڑان پاکستان" منصوبہ معیشت کو مستحکم کرنے اور غربت میں کمی کے لیے ایک جامع حکمت عملی فراہم کرے گا، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار سیاسی اور پالیسی استحکام پر ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US