اسلام آباد میں ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے الیکٹرک بسوں کے ڈپو اور چارجنگ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر داخلہ نے خود الیکٹرک بس میں سفر کیا اور متعلقہ افسران کے ساتھ اس منصوبے کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے روزانہ تقریباً 1 لاکھ 25 ہزار شہری ان بسوں میں سفر کر رہے ہیں، اور ہدف ہے کہ یہ تعداد 2 لاکھ 50 ہزار یومیہ تک بڑھائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کے روٹس کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور الیکٹرک بس سروس کو راوت تک توسیع دی جائے گی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ میٹرو کے ساتھ الیکٹرک بس سروس ٹریفک مسائل کے حل میں بھی مددگار ثابت ہو رہی ہے اور پنڈی-اسلام آباد ریلوے سروس بھی بحال کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ایچ آئی ٹی پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری جلد شروع ہوجائے گی۔ ڈپو میں 64 چارجرز لگانے کی گنجائش ہے، جن میں سے 50 پہلے ہی نصب ہیں جبکہ باقی 14 جلد لگائے جائیں گے۔ ہر چارجر دو گھنٹے میں دو بسیں چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسلام آباد میں اب 21 روٹس پر الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں اور منصوبے کو گوگل کے ساتھ انٹیگریٹ بھی کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔