حکومت نے سوشل میڈیا فائر وال منصوبہ بند کر دیا

image

حکومت نے سوشل میڈیا کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے نصب فائر وال منصوبے کو ناکام ہونے کے بعد مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اقدام فائیو جی اسپیکٹرم کی متوقع نیلامی سے قبل کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فائر وال منصوبہ 2024ء میں نصب کیا گیا تھا تاہم تکنیکی مسائل کے باعث یہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے ساتھ مکمل ہم آہنگی حاصل نہیں کر سکی۔ اس ناکامی سے نہ صرف قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا بلکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار بھی متاثر ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائر وال مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی جس کے باعث لاکھوں فری لانسرز اور ہزاروں کمپنیوں کی ڈیجیٹل سروسز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہرین نے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فائر وال بند کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد حکومت نے اسے مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے اس معاملے پر باضابطہ مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر وال کی بندش سے ملک میں ڈیجیٹل معیشت، فری لانسنگ اور مستقبل میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے فروغ میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US