بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سکیورٹی فورسز کو خودکش بمبار کی گاڑی کی اطلاع موصول ہوئی تھی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر فورسز علاقے میں آپریشن کر رہی تھیں۔
آپریشن کے دوران خوارج نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرادی، جس کے نتیجے میں شہادتیں ہوئیں۔ اس دوران فورسز نے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں بھی خوارج کی دہشتگردانہ سرگرمیاں جاری ہیں اور ان کے اعمال اسلام کے اصولوں سے کسی طور متعلق نہیں ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال روکنے میں ناکام ہے۔
آئی ایس پی آر نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خوارج کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا، اور سکیورٹی فورسز کی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ شہید ہونے والے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔