بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف کسی قسم کی پارٹی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اندرونی اختلافات کی متحمل نہیں ہو سکتی، اسی لیے علی امین گنڈاپور سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اتحاد کو برقرار رکھنے میں کردار ادا کریں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو بیان میں معذرت کرکے مثبت رویے کا مظاہرہ کیا، جبکہ پارٹی کی اولین ترجیح عمران خان کی رہائی ہے۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ مقبولیت کے باوجود پارٹی بانی عمران خان کو جیل سے رہا نہیں کرا سکی، جس پر بعد ازاں انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو وہ معذرت خواہ ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عمران خان کو ذاتی معالج کی سہولت فراہم کرنا ایک جائز مطالبہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت اس وقت اپنے بانی کی رہائی کو سب سے اہم ہدف سمجھتی ہے۔