شرجیل انعام میمن نے کراچی میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلیے اقدامات کر رہی ہے اور عید سے قبل سائٹ ایریا کی سڑکوں کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ تمام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہے جبکہ کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جاری میگا منصوبے مستقبل خصوصاً اگلے 50 برسوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنائے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق یونیورسٹی روڈ اور جناح ایونیو پر کام آئندہ 2 سے 4 ماہ میں مکمل ہو جائے گا اور منصوبوں میں شفافیت کے ساتھ اخراجات میں بچت کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ترقیاتی کاموں پر منفی باتیں کر کے مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بعض افراد اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کی صحت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی سے متعلق وہ کچھ نہیں جانتے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی کا تقدس برقرار رکھا جانا چاہیے اور وہاں متنازع باتوں سے گریز کیا جائے۔