سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پشین میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک بھر سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے عفریت کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے اس ناسور کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔