وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارتِ داخلہ کے سرکاری وفد نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرلیا، جس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیکیورٹی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دورے کے دوران وزیرِ مملکت نے ترک نائب وزیر داخلہ سے ملاقات کی، جس میں باہمی روابط کے استحکام اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں سیکیورٹی، انسدادِ دہشتگردی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
وفد نے ترک پولیس، انسدادِ دہشتگردی، امیگریشن اور نارکوٹکس کے محکموں کا بھی دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ اشتراک اور تجربات کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
دورے کے اختتام پر دونوں ممالک نے امن و امان اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔