محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے دوران ملک کے مختلف حصوں کے لیے موسم سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق فروری کے آخری دنوں اور مارچ کے آغاز میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مضافاتی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق سمندری ہواؤں کی بحالی کے بعد ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے دھند بننے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم مارچ کے دوسرے ہفتے سے گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ آئندہ چند روز کے دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔