وزیر اعظم شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر 23 سے 24 فروری 2026 تک قطر کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، دیگر وزراء اور سینئر حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم دوحہ میں امیرِ قطر سے اہم دوطرفہ ملاقات کریں گے، جس میں سیاسی تعلقات، اقتصادی تعاون، توانائی شراکت داری اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع بھی تلاش کریں گے۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر مبنی دیرینہ شراکت داری موجود ہے، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔