انسداد دہشت گردی عدالت: عدم پیشی پر علیمہ خان اور دو ضامنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری

image

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں ایک بار پھر علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی۔

عدالت نے سماعت میں علیمہ خان اور ان کے وکیل کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور ایک مرتبہ پھر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے علیمہ خان کے دو ضامنوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔

سماعت میں پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں، وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود ملزمہ پیش نہیں ہو رہیں اور بار بار التوا مانگ کر عدالتی کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ ٹرائل آخری مراحل میں ہے اور استغاثہ کے دو گواہان پر جرح ہونا باقی ہے تاہم ملزمہ عدالتی کارروائی میں تعاون نہیں کر رہیں۔

عدالت نے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے لیے پولیس کو حکم دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US