عمران خان کو آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے لیے اڈیالہ جیل سے پمز منتقل کیا گیا جہاں انہیں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹرئیل انجکشن کی دوسری ڈوز دے دی گئی۔
اسلام آباد میں اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو 24 فروری کو پمز لایا گیا۔ انجکشن لگانے سے قبل احتیاطی طور پر کارڈیالوجسٹ کنسلٹنٹ نے ان کا ایکوکارڈیوگرافی اور ای سی جی ٹیسٹ کیا جن کے نتائج نارمل آئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسپتال میں قیام، پروسیجر کے دوران اور بعد میں ان کی تمام وائٹل علامات مستحکم رہیں۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے معائنے کے بعد انہیں طبی طور پر فٹ قرار دیا۔
پمز اور شفا انٹرنیشنل اسپتال کے کنسلٹنٹ اوفتھلمولوجسٹ اور وائٹریو ریٹینل سرجن کی نگرانی میں یہ پروسیجر ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا۔ علاج سے قبل ماہر ڈاکٹروں کے بورڈ نے بھی تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
اسپتال اعلامیے کے مطابق معائنے اور علاج کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات، فالو اپ مشورے، نسخہ اور متعلقہ دستاویزات فراہم کر کے ڈسچارج کر دیا گیا۔