پاکستان کسٹمز کی مختلف کلکٹریٹس میں اربوں روپے مالیت کا ضبط شدہ سونا اور چاندی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز کی تمام انفورسمنٹ اور ایئرپورٹ کلکٹریٹس کو فوری طور پر ضبط شدہ سونا اور چاندی سے متعلق مکمل ریکارڈ اور ڈیٹا جمع کرانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ضبط شدہ سونا اور چاندی کئی برسوں سے کلکٹریٹس کے لاکرز میں ہی موجود ہے اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں منتقل نہ ہونے کی وجہ سے یہ قومی خزانے کے ریکارڈ میں شامل نہیں ہو سکا۔
مزید براں کسٹمز کلکٹریٹس کی مبینہ غفلت اور ناقص نگرانی کے باعث لاکرز میں رکھے گئے ضبط شدہ سونے اور چاندی میں رد و بدل یا ممکنہ چوری کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق اس معاملے کی فوری تصدیق اور احتساب کے بعد متعلقہ ریکارڈ کو اسٹیٹ بینک میں منتقل کیا جائے گا تاکہ قومی خزانے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔