اٹلی 10 ہزار 500 پاکستانیوں کو ورک ویزے جاری کرے گا

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورہ اٹلی کے دوران اطالوی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات کیجس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سیکیورٹی تعاون اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اسکلڈ لیبر اٹلی کی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

اطالوی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کے مطالبے پر پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے سے استثنیٰ دینے کی تصدیق بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پہلے بھی پیش رفت ہو چکی تھی اور اب اسے باضابطہ شکل دی جا رہی ہے۔

دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، منشیات اور دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے باہمی روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں جبکہ ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر نگرانی سخت کرنے سے غیر قانونی نقل و حرکت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستانی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں جبکہ لیگل مائیگریشن اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US