کوہاٹ کے علاقے لاچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈی ایس پی اسد محمود خان کو بدھ کے روز ان کے آبائی قبرستان فتح جنگ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔
نمازِ جنازہ اور تدفین میں اعلیٰ پولیس افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تدفین کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ قبر پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔
ڈی ایس پی اسد محمود خان دہشت گردوں کے خلاف فرض کی ادائیگی کے دوران اس وقت شہید ہوئے جب لاچی کے علاقے میں دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ پولیس حکام نے ان کی بہادری، فرض شناسی اور عوام کے تحفظ کے لیے خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔