وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے کے تمام قبائل پر زور دیا ہے کہ وہ قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں کیونکہ ترقی کا راستہ امن سے ہی ہوکر گزرتا ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تربت کے علاقے بلیدہ میں خواتین سمیت بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر انہیں دلی دکھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سانحات کے خاتمے کے لیے قبائل اور عوام کو ریاستی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ کے فضل سے صوبے کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے خصوصاً ڈیرہ بگٹی میں قبائل اور مقامی افراد نے مل کر امن قائم کیا جو ایک مثبت مثال ہے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اپنے علاقوں میں امن برقرار رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور صوبائی حکومت امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور عوام کے باہمی تعاون سے دہشت گردی اور بدامنی کے عناصر کو شکست دی جائے گی اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔