فرانس میں کیوبا کے سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو نے دنیا بھر کے صارفین کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ ویڈیو میں دو متضاد مناظر دکھائے گئے ہیں جو انسانی ہمدردی اور عالمی رویے پر سوال اٹھاتے ہیں۔
ویڈیو کے پہلے حصے میں جاپان کے ایک چڑیا گھر کا ننھا بندر "پنچ" دکھایا گیا ہے جو اپنی ماں کی ممتا سے محروم ہے اور ایک کھلونے کو سینے سے لگائے بیٹھا ہے۔ اس منظر نے سوشل میڈیا صارفین کو جذباتی کر دیا اور دنیا بھر سے ہمدردی کے پیغامات موصول ہوئے۔
تاہم ویڈیو کے دوسرے حصے میں منظر یکسر بدل جاتا ہے جہاں غزہ کی ایک معصوم بچی دکھائی دیتی ہے۔ اسرائیلی بمباری میں اپنے گھر اور اہلِ خانہ کھونے کے بعد وہ ملبے کے ڈھیر پر کھڑی اپنی گڑیا کو سینے سے لگائے خاموشی سے درد سہہ رہی ہے۔
کیوبن سفارتخانے نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ دنیا ایک بندر کے کھلونے سے لپٹنے پر رو پڑتی ہے لیکن غزہ میں ہزاروں یتیم بچوں کے دکھ کو نظر انداز کر دیتی ہے جن کے خاندان اسرائیلی حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔
سفارتخانے نے اس رویے کو اپنی من مرضی کی ہمدردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تضاد انسانیت کے دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اور عالمی برادری کو انسانی بحرانوں کے سلسلے میں سنجیدہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔