پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن ’’غضب للحق‘‘ بدستور جاری ہے، جس کے دوران پاک افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کے 133 کارندوں کو ہلاک اور 200 سے زائد کو زخمی کر دیا، جبکہ 27 افغان چوکیاں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی 3 بٹالینز اور ایک سیکٹر ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ اسلحہ ڈپو کو بھی راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا۔ کارروائی کے دوران 80 سے زائد ٹینک، توپ خانے اور بکتربند گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ وطن کے دفاع میں پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر اور چترال سیکٹر میں بھرپور کارروائی کی گئی اور افغان طالبان کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئیں۔
مہمند کے گرسال سیکٹر اور ولی خان سیکٹر میں بھی پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان پوسٹیں مسمار کر دیں، جبکہ باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کی گئیں۔ صوبہ پکتیکا میں افغان طالبان کی ایک پوسٹ پر قبضہ کر لیا گیا، جہاں طالبان اہلکار پوسٹ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ پاک فوج نے پکتیکا میں اہم فوجی تنصیبات اور کور ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا۔
کرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کیے گئے جہاں 8 جنگجو ہلاک ہوئے، جبکہ انگور اڈہ میں بھی ایک افغان پوسٹ کو تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر اور ڈرونز کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی، تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز مار گرائے گئے اور ڈرونز کے ذریعے طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز پھیلائی جا رہی ہیں، جبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا سخت اور فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے ہاتھوں شدید نقصان اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا، باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گردونواح میں مارٹر گولے گرنے سے خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں خار اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے متعدد افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے وہاں قومی پرچم لہرا دیا۔ پاک فضائیہ نے ننگرہار میں ایک بڑا ایمونیشن ڈپو جبکہ قندھار میں افغان طالبان کا لاجسٹکس بیس اور اسلحہ ڈپو بھی تباہ کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔